حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرمالیات ہریش راؤ نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن اور مرکزی وزیر دیہی ترقیات گجیندر شیخاوت سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے مرکز سے فنڈز کی اجرائی کی درخواست کی۔سیاست نیوزکے مطابق ہریش راؤ نے نرملا سیتا رامن کو آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کے سیکشن 94(2) کے تحت تلنگانہ کو فنڈز کی منظوری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2015-16 سے 2020-21 تک مرکز نے ہر سال 450 کروڑ جاری کئے۔ 2014-15 ، 2019-20 ، 2021-22 اور 2022-23 کیلئے کوئی فنڈز جاری نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے پسماندہ اضلاع کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں دشواری ہوئی ہے۔ مرکزی حکومت کو تنظیم جدید قانون کے مطابق فنڈز جاری کرنے چاہیئے۔ وزیر فینانس نے جی ایس ٹی کونسل کے 50 ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر نرملا سیتا رامن کو یادداشت حوالے کی۔