دہرہ دون:تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشنل اینڈسوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ڈاکٹرسیدفاروق صاحب کی صدارت میں : تسمیہ اکادمی،۱؍اندرروڈ،دہرہ دون میں عازمین حج کے لئے تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا ۔ جس میں شہردہرہ دون سے تقریبا۱۵۰؍عازمینِ حج مردو عورتوں نے شرکت کی ، عازمینِ حج کو علماء کرام اورمفتیان عظام نے تربیتی خطاب سے مستفیض فرمایا اوراخیر میں تسمیہ کی طرف سے سبھی عازمین حج کو چندضروری سامانوں کا ایک پیکیٹ دیا گیاجو سفر حج میں کام آنے والے چندضروری چیزوں پرمشتمل تھا۔
پروگرام کی نظامت مولانا رسال الدین احمدحقانی ندوی سکریٹری مجلس دارالقضاء دہرہ دون نے کی ۔ پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا ۔ تلاوت کے بعد جناب سید فرخ احمدعرف شہزادے نے نعتیہ کلام سنایا ، مولانا رسال الدین احمد حقانی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے عازمین حج کو حج کی فرضیت اوراس کے تقاـضے کیا ہیں اس پرتوجہ دلائی ، مفتی محمدوصی اللہ قاسمی سکریٹری تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئرسوسائٹی نے سفرحج کے متعلق ضروری ہدایت پرمشتمل مقالہ پڑھ کر سنانا ۔ مولانا محمداحمدقاسمی قاضی شہر دہرہ دون نے عمرہ اور احرام کےطریقے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے عملاً کرکے دکھلایا ، مفتی سلیم احمدقاسمی قاضی شریعت مجلس دارالقضاء دہرہ دون نے عظمتِ حرمین شریفین پرگفتگوکرتے ہوئے حج کے پانچ دن اورحج کے ضروری مسائل پر بالخصوص عورتوں کے مسائل پرسیرحاصل گفتگو فرمائی ۔ ڈاکٹرسید فاروق صاحب نے وقت کی قلت کی بناء پر اپنے مختصرخطاب میں سب سے پہلے عازمین حج کو تلبیہ مع ترجمہ پڑھ کر سنایا اوراُن سے باربارپڑھواکراسے یادکرایا،ڈاکٹرصاحب نے فرمایا کہ آپ حضرات اپنے اندر سےغرور،گھمنڈ اورتکبر کو نکال دیں اورایک نیک دل نیک صفت انسان بن کر جائیں،وہاں بے پردگی،بے حیائی اوربرے کاموں سے بچیں، کسی سے جھگڑا نہ کریں ،اپنے غصے کو قابو میں رکھیں کیونکہ آپ جب وہاں جائیں تواس بات کاضرور خیال رکھیں کہ وہاں دنیا کے مختلف ممالک سے عازمین حج آئے ہوئے ہوں گے آپ اگرصف میں بیٹھے ہیں توبعض ایسے بھی ہوں گے کہ آپ کے بغل میں ،آپ کے سامنے آکر بیٹھ جائیں گے، کھڑے ہوجائیں گے ،بعض آپ کو پھاندتے ہوئے آگے نکل جائیں گے، آپ کو کسی طرح کی اس پر کوئی ناراضگی کا اظہار نہیں کرنا ہے بلکہ اگرجگہ نہ ملے تو سامنے والے کے کمر پر سجدہ کرلیں ،یہی آپ کے لئے باعثِ ثواب ہوگا۔لہذا آپ اپنے کسی بھی عمل سے کسی کو تکلیف نہ پہونچائیں اوراگرآپ کو کوئی تکلیف پہونچ جائے تواس پر صبر کریں ۔خاص طور پر اپنی بیوی کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ رکھیں، وہاں اللہ کی رحمت ہر وقت برستی رہتی ہے ،ہر وقت اللہ کا ذکر کریں اوراپنے گناہوں کی معافی مانگیں اوروہاں پردنیا کے تمام انسانوں اور بالخصوص اپنے ملک میں امن وشانتی،آپسی بھائی چارہ ،محبت اورملک کی ترقی کے لئے دعاء کریں۔اس کے بعد مفتی ضیاء الحق قاسمی نے خطبۂ حجۃ الوداع پڑھ کر سنایا ،آخیر میں مولانا راغب صاحب نےدعاءکی۔ یہ پروگرام صبح سات بجے شروع ہوکر ۱۲؍بجے دوپہر میں ختم ہوا۔