لاس اینجلس (یو این آئی) ٹوئٹر نے جمعہ کو ملازمین سے کہا کہ کمپنی کے دفتر کی عمارتوں کو فوری طور پر عارضی طور پر بند کر دیا جائے گا۔ ٹویٹر نے ملازمین کے بڑے پیمانے پر استعفوں کی اطلاعات کے درمیان اپنے دفاتر کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملازمین ہیش ٹیگ ’لو ویئر یو ورکڈ‘ اور ایک سیلیوٹنگ ایموجی کا استعمال کرتے ہوئے ٹویٹ کر رہے ہیں کہ وہ کمپنی چھوڑ رہے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق عملے کو بتایا گیا کہ دفاتر پیر 21 نومبر کو دوبارہ کھل جائیں گے۔ اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
یہ اعلان ان رپورٹس کے درمیان سامنے آیا ہے کہ نئے باس ایلون مسک نے ’سخت محنت سے طویل مدت تک‘ کام کرنے کے لئے عہد کرنے یا تین ماہ کی تنخواہ کے ساتھ الوداع کہنے کے لئے جمعرات کو شام 5 بجے کی ڈیڈ لائن دینے کے بعد بڑی تعداد میں ملازمین نوکری چھوڑ رہے ہیں۔
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ "براہ کرم سوشل میڈیا، پریس یا کسی اور جگہوں پر کمپنی کی خفیہ معلومات پر بحث کرنے سے گریز کرتے ہوئے کمپنی کی پالیسی پر عمل کرتے رہیں۔”
اس ہفتے مسٹر مسک نے مبینہ طور پر ٹویٹر کے ملازمین کو بتایا کہ انہیں طویل وقت تک کام کرنے کا عہد کریں اور "پوری طرح وقف‘‘ ہوکر کام کریں یا کمپنی چھوڑ دیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے بتایاکہ ملازمین کو ایک ای میل میں فرم کے نئے مالک نے کہا کہ اگر وہ ملازمت برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں زیادہ وقت تک کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔
مسٹر مسک نے کہا تھا کہ 17 نومبر تک سائن اپ نہ کرنے والوں کو تین ماہ کی تنخواہ دے کر حساب کتاب کردیا جائے گا۔
اس ماہ کے شروع میں کمپنی نے کہا تھا کہ وہ اپنی افرادی قوت کا تقریباً 50 فیصد کم کر رہی ہے۔ ٹویٹر کے ایک سابق ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایاکہ "مجھے لگتا ہے کہ آج جب دھول صاف ہوجائے گی تو شاید 2000 سے بھی کم لوگ رہ جائیں گے۔”