جے پور، 02 اکتوبر (یو این آئی) مہاتما گاندھی کے افکار کو آج پوری دنیا کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ گاندھی کے ملک میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے مسٹر گہلوت آج سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں گاندھی جینتی کے موقع پر منعقدہ سرو دھرم پراتھنا سبھا اور گاندھی سدبھاؤنا سمان تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے اپنے خیالات اور طرز زندگی سے دنیا کو سچائی اور عدم تشدد کا پیغام دیا۔ ان کے عدم تشدد کے نظریے نے ملک کی آزادی کی تحریک کو متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا تشدد اور بدامنی سے لڑ رہی ہے۔ ایسے وقت میں صرف گاندھیائی سوچ ہی دنیا کو امن اور عدم تشدد کی طرف لے جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے اپنی عوامی زندگی کا آغاز جنوبی افریقہ میں کیا جہاں انہوں نے حکومت کی نسل پرستی کی پالیسی کو ختم کرنے کے لیے ستیہ گرہ کیا۔ گاندھی جی کی لکھی ہوئی ان کی سوانح عمری ‘سچائی کے تجربات’ سچائی اور عدم تشدد کے فلسفے پر مبنی ایک منفرد کام ہے۔ آج کی نوجوان نسل اسے ضرور پڑھیں۔ اس کے مطالعہ سے نوجوان نسل میں گاندھیائی سوچ کو پروان چڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کو پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ ملک میں گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کو تقویت ملتی ہے۔
گاندھی جینتی کے موقع پرمسٹر گہلوت نے پانچ گاندھیائی مفکروں کو گاندھی سدبھاؤنا سمان سے نوازا، جنہوں نے گاندھی جی کے نظریے پر عمل کرتے ہوئے سماج کی بہترین خدمات انجام دیں۔ ان میں مشہور گاندھیائی مفکر ڈاکٹر ایس این۔ سباراؤ (بعد از مرگ)، آنجہانی نیمی چند جین (بعد از مرگ)، آنجہانی امرناتھ بھائی جی، گاندھی پیس فاؤنڈیشن کے صدر کمار پرشانت اور بھگوان مہاویر وکلانگ سہایاتا سمیتی کے بانی اور سرپرست اعلی ڈاکٹر ڈی آر مہتہ شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں 5 لاکھ روپے کے اعزازیہ، یادگاری، توصیفی اور شال پہنا کر نوازا۔
وزیراعلی نے کہا کہ سماج کے لئے بہترین کام کرنے والے گاندھیائی مفکرین کو ہر سال گاندھی سدبھاؤنا سمان دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے مربوط پورٹل کا بھی افتتاح کیا۔
پروگرام میں پوری ریاست کے لوگوں نے اکٹھے ہو کر تمام مذاہب کی عبادت کرنے کا عالمی ریکارڈ بنایا۔ اس کے لیے ورلڈ بک آف ریکارڈ، لندن کے نمائندے پرتھم بھلا نے وزیر اعلیٰ کو ایک عارضی سرٹیفکیٹ دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلی بار گاندھی جی کے افکار کی تشہیر کے لیے سرکاری طور پر ایک الگ محکمہ بنایا گیا ہے۔ راجستھان ایسا کرنے والی واحد ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے اصولوں اور نظریات پر عمل کرتے ہوئے تشدد سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے امن اور عدم تشدد کا محکمہ قائم کیا گیا ہے۔ یہ محکمہ گاندھی جی کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے کے لیے کام کر رہا ہے، تاکہ عام لوگ ہر طرح کے تشدد کو ختم کرنے کی لئے راغب ہوں۔