2012 میں یہ وی آئی پی کوٹہ لاگو کیا گیا تھا، جس کیلئے 5000 سیٹیں مختص کی گئی تھیں
نئی دہلی(ایجنسیاں) : مرکزی سرکار نے بدھ کو عازمین حج کیلئے وی آئی پی کوٹہ کو ختم کردیا ہے ۔نیوز 18 کی خبر کے مطابق اب وی آئی پی عازمین کو بھی عام عازمین حج کی طرح ہی سفر کرنا ہوگا ۔ ذرائع نے یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان کے صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ ، وزیر اعظم، اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کے ساتھ ساتھ حج کمیٹی کو مختص وی آئی پی کوٹے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سال 2012 میں یہ وی آئی پی کوٹہ لاگو کیا گیا تھا، جس کیلئے 5000 سیٹیں مختص کی گئی تھیں ۔ حالانکہ اب اس کو ختم کردیا گیا ہے تو یہ سیٹیں بھی عام لوگوں کو الاٹ کی جاسکیں گی ۔ بتادیں کہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر عائد کی گئی پابندیوں کو کم کئے جانے کے بعد سعودی عرب میں عازمین حج کی تعداد وبا سے پہلے کی تعداد تک پہنچنے کی امید ہے ۔
کورونا وائرس وبا کے دستک دینے سے پہلے سال 2019 میں تقریبا 24 عازمین نے فریضہ کی ادائیگی کی تھی ، لیکن 2020 می وبا کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاون کی وجہ سے سعودی عرب نے عازمین حج کی تعداد کو صرف ایک ہزار تک محدود کردیا تھا ۔
یہ اقدام بے نظیر تھا کیونکہ یہ 1918 کے فلو کی وبا کے دوران بھی ایسا نہیں کیا گیا تھا جب دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اس بیماری سے اپنی جانیں گنوا بیٹھے تھے۔ حالانکہ اس سال کووڈ سے وابستہ سبھی بندشوں کے ختم ہوجانے کے بعد ایک بار پھر لاکھوں لوگوں کے فریضہ حج ادا کرنے کی امید ہے۔