لکھنؤ (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے جمعہ کو پہلے مرحلے کے انتخابات میں زیادہ ووٹ ڈال کر انڈیا گروپ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔مسٹر یادو نے رائے دہندگان سے 19 اپریل کو سہارنپور، کیرانہ، مظفر نگر، بجنور، نگینہ، مرادآباد، رام پور اور پیلی بھیت کے آٹھ لوک سبھا حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں جمہوریت اور آئین کو بچانے نیز کسانوں، نوجوانوں، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے بے خوف ہوکر ایک ایک ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے بڑی تعداد میں حق رہی کا استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کی جیت سے مرکز میں انڈیا الائنس اور پی ڈی اے کی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔مسٹریادو نے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں سماج وادی پارٹی اور اتحاد کے تمام امیدواروں کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور کہا، ”میں عوام کی حمایت چاہتا ہوں۔ اس بار لوک سبھا انتخابات میں تاریخی نتائج آئیں گے۔ غازی آباد سے غازی پور تک بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔ بی جے پی سماج میں نفرت پھیلا رہی ہے۔ وہ امتیاز سلوک کرتی ہے۔ بی جے پی لوک سبھا انتخابات جیت کر آئین کو بدلنا چاہتی ہے۔