پٹنہ، 06 جون (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات میں بہار میں جنتا دل یونائیٹڈ کی جیتی ہوئی سیٹ سے وزیر اعلی نتیش کمار ‘کنگ میکر’ کے طور پر ابھرنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج ایک بار پھر ان پر اعتماد ظاہر کیا کہ بی جے پی 2025 کے ریاستی اسمبلی انتخابات مسٹر کمار کی قیادت میں لڑے گی۔بہار بی جے پی کے صدر اور نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا اسٹرائیک ریٹ 75 فیصد تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ این ڈی اے نے بہار کی تمام 40 لوک سبھا سیٹوں پر مقابلہ کیا اور 30 سیٹیں جیتیں۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر چودھری نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کمار 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات میں بھی این ڈی اے کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے پوچھا کہ مسٹر کمار کے اگلے ریاستی اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی قیادت کرنے میں کیا مسئلہ ہے۔ مسٹر کمار 1996 سے بی جے پی کے ساتھ ہیں۔بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ اس حقیقت کو قبول کرنے میں کوئی الجھن اور ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ مسٹر نتیش کمار بہار میں این ڈی اے کے سرکردہ لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے نے بہار میں تمام 40 سیٹیں جیتنے کا ہدف مقرر کیا تھا اور اس کا مکمل تجزیہ کیا جائے گا کہ انہوں نے 10 سیٹیں کیسے گنوائیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور جے ڈی یو نے 12-12 سیٹیں جیتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی لوک جن شکتی پارٹی-رام ولاس (ایل جے پی۔آر) نے پانچ اور ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) نے ایک سیٹ جیتی۔