نئی دہلی: اس سال کے شروع میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ اور دیگر کوچز کے خلاف خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والے سرکردہ ہندوستانی ریسلر نے ایک بار پھر پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اور دہلی کے جنترمنتر پر ایک بار پھراحتجاج کررہے ہیں۔ ذہن نشیں رہے کہ سات خواتین پہلوانوں نے مرکزی دہلی کے کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائی ہے۔
ریسلر ساکشی ملک نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مایوسی ہے کہ اس معاملے پر حکومتی پینل کی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا، "ہم چاہتے ہیں کہ رپورٹ، جس میں خواتین ریسلرز کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں، کو عام کیا جائے۔ یہ ایک حساس مسئلہ ہے، شکایت کرنے والوں میں سے ایک نابالغ لڑکی ہے۔” انہوں نے کہا کہ شکایت کرنے والوں کے نام افشا نہیں ہونے چاہئیں ۔
ایک اور سینئر پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ جب تک برج بھوشن کو گرفتار نہیں کیا جاتا ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔ ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ بار بار کوششوں کے باوجود حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا، "جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا، ہم یہیں سوئیں گے اور کھائیں گے۔ ہم تین ماہ سے ان (کھیلوں کے وزیر انوراگ ٹھاکر اور دیگر متعلقہ حکام) سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کمیٹی کے ارکان ہمیں کوئی جواب نہیں دے رہے ہیں۔” وزارت کھیل بھی کچھ نہیں کہا وہ ہماری کال تک نہیں اٹھاتے ہم نے ملک کے لیے تمغے جیتے ہیں اور اس کے لیے اپنا کیریئر داؤ پر لگا دیا ہے۔












