پٹنہ/ پورنیہ,2 نومبر (یواین آئی ) بہار کے پورنیہ سے آزاد رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔پورنیہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کارتیکیہ شرما نے ہفتہ کو بتایا کہ گرفتار نوجوان کا نام مہیش پانڈے ہے، جسے دہلی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ رکن اسمبلی کو دھمکیاں ملنے کے بعد کیہاٹ تھانے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔
مسٹر شرما نے کہا کہ گرفتار ملزم نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔ اس واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور سم کارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار نوجوان کا کسی گینگ سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ کام وہ پہلے بھی بڑے لیڈروں کے ساتھ کر چکا ہے۔ جب مہیش کو میڈیا کے ذریعے اس کی اطلاع ملی تو اس نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں رہنے والی اپنی بھابھی سے سم لے کر ایک مکمل سازش رچی۔ اس معاملہ میں جلد مزید انکشافات ہوں گے۔