احتجاج و مظاہروں اور پرتشدد واقعات کے خدشہ کے تحت سیکورٹی میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا
حیدرآباد (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) بھارتیہ جنتاپارٹی کے معطل رکن اسمبلی کے ذریعہ شان رسالت میں گستاخی کے بعد حیدرآباد شہر میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر جمعہ کے موقع پر پولیس نے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں جس کے تحت جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب میں تجارتی اداروں کو 8 بجے سے قبل ہی بند کروادیا گیاتھا ۔ حالانکہ سٹی پولیس نے گستاخ ایم ایل اے راجہ سنگھ کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی احتجاج و مظاہروں اور پرتشدد واقعات کے خدشہ کے تحت سیکورٹی میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا ہے ۔حیدرآباد کے پرانے شہر میں حساس علاقوں میں سیکورٹی بڑھادی گئی ہے اور اہم راستوں پر پولیس پکٹس کے علاوہ ریاپڈ ایکشن فورس بھی تعینات کردی گئی ہے ۔ تاریخی چارمینار اور مکہ مسجد کے پاس بھی بھاری پولیس فورس کو تعینات کیا جارہا ہے تاکہ جمعہ کے موقع پر کسی بھی قسم کے واقعات کو روکا جاسکے ۔ سیاست نیوز کے مطابق پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے صبح کی اولین ساعتوں میں ساؤتھ زون علاقہ کا دورہ کیا اور اپنے ماتحت عہدیداروں سے ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ کمشنر پولیس نے پرانے شہر کے مختلف علاقوں بشمول شاہ علی بنڈہ اور مغل پورہ کا پیدل دورہ کرتے ہوئے صبح تک اپنی راست نگرانی میں حالات پر کڑی نظر رکھی ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر سے جمعہ کے موقع پر حالات پر راست طور پر نظر رکھی جائے گی ۔