سری نگر، 10 اکتوبر (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے آلشی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو مقامی جنگجو مارے گئے۔کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں انکائونٹر میں دو جنگجو مارے گئے جبکہ تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔انہوں نے مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معرفت مقبول اور جازم فاروق عرف ابرار کے بطور کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کالعدم جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھے۔اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار کے مطابق ابرار نامی جنگجو سنجے شرما کی ٹارگیٹ ہلاکت میں ملوث تھا۔ قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ جنگجوئوں کے چھپنے کے متعلق اطلاع موصول ہونے پر فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹی نے گذشتہ شب شوپیاں کے آلوشی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا اور تصادم چھڑ گیا۔