جالندھر(یو این آئی) بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پنجاب پولیس نے پنجاب میں مشترکہ تلاشی مہم میں ضلع فیروز پور کے گاؤں گٹی مٹر سے 29 کلو 26 گرام ہیروئن برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جس کی مالیت تقریباً 1 ارب 45 کروڑ روپے ہے۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے پیر کو بتایا کہ اتوار کی نصف شب مخصوص اطلاع پر بی ایس ایف اور پنجاب پولیس (سی آئی فیروز پور) نے ضلع فیروز پور کے گاؤں گٹی مٹر کے قریب دریائے ستلج کے کنارے ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے کہا کہ آپریشن کے دوران تقریباً 02.45 بجے، فوجیوں نے کچھ پاک شرپسندوں/اسمگلروں کی نقل و حرکت کو دیکھا جو پاکستان سے ہندوستان کی طرف آرہے تھے۔ فوجیوں نے شروع میں اسمگلروں کو چنوتی دی لیکن اسمگلروں نے اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلروں کے ردعمل پر، آنے والے خطرے کو محسوس کرتے ہوئے اور مزید مہم جوئی کو روکنے کے لیے، سپاہیوں نے اسمگلروں پر گولی چلا دی۔ جس کے نتیجے میں ایک اسمگلر کے ہاتھ پر گولی لگ گئی۔ اس دوران فوجیوں نے 29.26 کلوگرام ہیروئن کے 26 پیکٹوں سمیت 2 پاکستانی اسمگلروں کو گرفتار کیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی اسمگلر کو سول ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔