ڈھاکہ (یو این آئی) بنگلہ دیش میں بارش نے تباہی مچادی، موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے 2 افراد جاں بحق، 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں, فلڈ فورکاسٹنگ کے ادارے نے ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب نے بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے، جہاں کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ گھروں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں اور سیلاب کے باعث 2 افراد جان سے گئے ہیں، جبکہ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، جن کے گھروں، مویشیوں، دکانوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ اینڈ وارننگ سینٹر (ایف ایف ڈبلیو سی) کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مولوی بازار، ہبی گنج، کومیلا، چٹاگنگ اور فینی شامل ہیں، جہاں سے 5 بڑے دریا گزرتے ہیں۔ادارے نے بنگلہ دیش میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ زمینی رابطے منقطع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔
ضلع فینی کے رہائشی محمد معصوم نے بتایا کہ میں نے گزشتہ 20 سال میں ایسی صورتحال نہیں دیکھی ہے، میرا گھر تباہ ہو چکا ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیشی طلبا کی جانب سے بھارت پر ڈیم کا پانی چھوڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے طلبا کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔