نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) قومی راجدھانی میں کئی رہائشی سوسائٹیوں اور بستیوں میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات سے پریشان کچھ باشعور شہریوں نے اس انتخابی ماحول میں آوارہ کتوں کے مسئلہ کی طرف سیاسی جماعتوں کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ دہلی میں بسنت کنج گنگا، یمنا، نرمدا اور سرسوتی آواس کے رہائشی فلاحی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور تقریباً 500 مقامی باشندوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے ’’پارکنگ لاٹ، پارکس، سیڑھیاں… اور جگہ جگہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں خوف کی فضا ہے۔ بوڑھے اور بچے باہر نکلنے سے کتراتے ہیں۔ خط لکھنے والوں نے کہا ہے کہ ’’ہم صرف اس پارٹی کی حمایت کریں گے جو آوارہ کتوں سے نجات دلانے کا وعدہ کرے گی۔شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ این جی او ورکرز آوارہ کتوں کی خدمت کے نام پر پیسے بٹورتے ہیں اور کتوں کی خدمت محض دکھاوا ہے۔