نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے ایک انتہائی دل گرفتہ کرنے والی خبر آرہی ہے،جہاں ڈھاکا کی ایک 7 منزلہ عمارت میں زوردار دھماکے سے 15 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ بنگلہ دیشی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد متعدد فائر فائٹنگ یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچے۔ دھماکا مقامی وقت کے مطابق 4 بجکر 50 منٹ پر ہوا، دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ڈھاکا کے علاقے گلستان میں یہ عمارت صدیق بازار میں واقع ہے۔
خبروں میں بتایاجارہاہے کہ متعدد افراد عمارت کے تہہ خانے میں پھنس گئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بنگلہ دیش کی خصوصی فورس ریپڈ ایکشن بٹالین کے بم ڈسپوزل یونٹ نے جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشنز کی قیادت کی۔ زخمیوں کو ڈھاکا میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا، عمارت کی پہلی منزل پر سینیٹری مصنوعات کی کئی دکانیں ہیں جبکہ بینک کی ایک برانچ عمارت کے سامنے ہے۔ دھماکے سے بینک کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑک کے دوسری طرف کھڑی بس بھی تباہ ہوگئی۔