پریاگ راج (نامہ نگار): آل انڈیا طبی کانگریس کی ایک نشست پیر کو حکیم سید محمد حسان نگرامی ڈپٹی ڈائریکٹر سی سی آر یو ایم کے انتقال پر ڈاکٹر خورشید عالم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ جس میں ڈاکٹر انور علی انصاری سابق میڈیکل افسر نے کہا کہ حکیم حسان مرحوم طب یونانی اور علمی حلقہ میں قدر و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ آپ طبی رسائل میں بکثرت مضامین کے علاوہ بہت سی کتابوں کی تالیف کی، آپ کو طب یونانی پر عبور تھا، ان کے جانے سے طب یونانی میں خلاء پیدا ہو گیا ہے۔ آپ نے سی سی آر یو ایم میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر رہ کر بہت کام کیا اور وہاں سے سبکدوش ہونے کے بعد علمی حلقوں میں اپنی تحریروں سے لوگوں کو فائدہ دیتے رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکیم سید حسان نگرامی کی زیادہ تر کتابیں طب کے طالب علموں کے فائدہ کے لیے ہیں۔ نشست میں سابق میڈیکل افسر الف، عین زیدی نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے لئے دعاء کی۔ آخر میں حکیم رشاد الاسلام نے ان سے اور اپنے والد محترم حکیم ضیاء الدین ضیاء مرحوم کے تعلقات کے بارے بتایا اور کہا کہ جس وقت میرے والد لکھنؤ طبیہ کالج میں پرنسپل تھے مرحوم حسان طالب علم اور ایک اچھے انسان تھے۔ اس موقع پر شجاع الدین، ڈاکٹر نعمان، ڈاکٹر بلال، ڈاکٹر محمد علی، ڈاکٹر فرید، ڈاکٹر محسن حیدری، ڈاکٹر قمر عباس، ڈاکٹر ریاض وغیرہ سمیت دیگر لوگ موجود رہے۔