پٹنہ:قرآن کریم سب سے بہتر اور افضل کتاب ہے، اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے، تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن کریم کو سیکھتا ہے اور سکھاتا ہے، ان خیالات کا اظہارجامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ میں منعقد دعاء یونس کے موقع سے خطاب کرتے ہوئے جناب مفتی خالد انور پورنوی نے کیا، انہوں نے کہا: دنیا کچھ کہے، لیکن اللہ کے رسول، پیارے نبی محمد مصطفیٰ ﷺ نے سب سے افضل انسان ہونے کی سرٹیفیکیٹ آپ جیسے لوگوں کو دی ہے، جو قرآن کریم سیکھنے اور سکھانے میں مصروف و مشغول ہیں،قرآن کریم کی تعلیم و تعلم کے سلسلہ میں جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ اور اس کے بانی حضرت مولانا محمد قاسم صاحب نور اللہ مرقدہٗ کی خدمات کا بھی انہوں نے تذکرہ کیا، انہوں نے کہا: آج ہم یہاں بیٹھے ہیں، یہ ایک جنگل تھا، غلاظتوں کا انبار تھا، گائے، بیل، بھینس کا یہ ایک مسکن تھا، مگر اس کو ہریالی بنانے میں، بانی جامعہ حضرت مولانا محمد قاسم صاحب نور اللہ مرقدہٗ، ان کے رفقاء نے بڑی محنت کی، اللہ نے قبول کیا،اورہم سب کو علم دین کی اشاعت اور تبلیغ کی توفیق عنایت فرمائی، انہوں نے کہا: اب تک اس ادارہ سے لاکھوں کی تعداد میں حفاظ فارغ ہوکر ملک و قوم کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں، ۲۰۱۶ میں ۲۰؍سالہ تقریب وجلسہ دستاربندی ہوئی تھی، اس میں ایک ہزار فارغین حفاظ کی دستاربندی عمل میں آئی، اسی طرح دوبار اسی ادارہ کے تحت آل بہار مسابقۃ القرآن الکریم کا بھی انعقاد عمل میں آچکا ہے، جس کی وجہ سے پورے بہار میں تجوید کی فضا بھی قائم ہوئی۔
واضح رہے کہ جامعہ مدنیہ کے قیام کے اول دن سے ہر جمعرات کو دعاء یونس لاالہ الا انت سبحنک انی کنت من الظلمین کا ورد ہوتا رہا ہے، آج بھی بروز جمعرات، بوقت ۷؍بجے صبح زیر صدارت جناب مولانا مرغوب الرحمن صاحب قاسمی معاون مہتمم جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ، زیر قیادت جناب مولانا محمد حارث بن مولانا محمد قاسم صاحبؒ اس کا انعقادعمل میں آیا، جامعہ مدنیہ کے تمام اساتذۂ کرام اور طلبہ کے علاوہ ہارون نگر سے مہدی امام صاحب، نصیر الحق صاحب، محمود عالم صاحب، رسول پور فتوحہ، مولانا محمد اسامہ غفرانی ودیگر معززین شہر شریک ہوئے، مہتمم جامعہ جناب مولانا محمد حارث بن مولانا محمد قاسم صاحبؒ نے مہمانوں کا پرزور استقبال کیا، اور جامعہ مدنیہ کی خدمات و شعبہ جات سے واقف کرایا، جس سے وہ بے انتہا متاثر ہوئے، تقریب کی صدارت کر رہے جناب مولانا مرغوب الرحمن صاحب قاسمی نے بھی مختصر اور اہم خطاب فرمایا: انہوں نے کہا: انسان جب دنیا سے چلا جاتا ہے تو عمل کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے، مگر تین عمل کہ اس کا ثواب ملتا رہتا ہے، صدقہ جاریہ، ایسا علم چھوڑ کر جائے جس سےلوگ نفع اٹھائیں، ولد صالح جو ان کیلئے دعائیں کرتےرہیں، اس موقع سے جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے طلبہ نے قرآن کریم کی تلاوت، اور نعت نبیﷺ ایسے انداز سے پیش کیا کہ سامعین متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔مفتی عبد الاحد صاحب قاسمی، مولانا منہاج الدین صاحب قاسمی،مفتی اکرم، مفتی سیف الدین، مفتی احمد علی، مولانا عبد الغنی، مولانا عبد الرحمٰن، قاری دستگیر، قاری محمد صالح، مولانا امیر الہدیٰ، مولانا عبد الحسیب،مولانا محمد اکبر،حافظ محمدکیف ودیگراساتذہ جامعہ شریک ہوئے،جناب مولانامرغوب الرحمن صاحب قاسمی کی دعاء پر مجلس اختتام پذیرہوئی۔