نئی دہلی، 16 جولائی (یواین آئی)زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے آج نئی دہلی میں 96ویں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ فاؤنڈیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈے 2024 کا افتتاح کیا۔ ماہی پروری، مویشی اور ڈیری کے مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ اور مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت اور کسانوں کی بہبود بھاگیرتھ چودھری اور رام ناتھ ٹھاکر، مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پالن اور ڈیری اور اقلیتی امور کے وزیر جارج کورین اور مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پالن اور ڈیری اور پنچایتی راج پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل اور سکریٹری (محکمہ زرعی تحقیق اور تعلیم) اور ڈائریکٹر جنرل (آئی سی اے آر) ہمانشو پاٹھک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے 96ویں یوم تاسیس اور ٹیکنالوجی کے موقع پر زرعی سائنسدانوں، انسٹی ٹیوٹ کے افسران اور ملازمین کے ساتھ ایک پودا لگایا۔مرکزی وزراء اور ریاستی وزراء نے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے 96ویں یوم تاسیس اور ٹیکنالوجی کی تقریبات کے موقع پر منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا۔مرکزی وزراء نے سائنسدانوں کو بھی مبارکباد دی اور اس موقع پر انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کی کئی اشاعتیں بھی جاری کی گئیں۔
اس موقع پر مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ہمارے ملک میں معمولی کسان ہیں، چھوٹے کسانوں کے لیے ماڈل فارم بنانے کی ضرورت ہے۔ مسٹرچوہان نے کہا کہ زراعت ہندوستانی معیشت کی روح ہے اور کسان اس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ کسان اور کاشتکاری وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے۔ اگر زراعت کو متنوع بنایا جائے تو کاشتکاری میں کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ممکن ہے۔ آج ہم اس قرارداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ مسٹرچوہان نے سائنسدانوں سے کہا کہ ہمیں 4 سال کے لیے ہدف مقرر کرنا چاہیے اور 4 سال کے بعد کہنا چاہیے کہ ہم نے یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کا عزم کیا ہے، جس میں زراعت اور کاشتکاری سے متعلق شعبے اہم کردار ادا کریں گے۔ مویشی ، ماہی پروری، گندم کی پیداوار، دالوں اور تلہن کی پیداوار بڑھانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔