پٹنہ، 16 جولائی (یواین آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر اور سابق وزیر مکیش ساہنی کے والد کے قتل کو لے کر آج پھر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں دہشت کا راج قائم ہوچکا ہے۔
مسٹر یادو نے ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مجرموں کے ہاتھوں مکیش ساہنی کے والد کے بہیمانہ قتل کی افسوسناک خبر سن کر وہ صدمے اور غم زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں دہشت گردی کا ماحول قائم ہو چکا ہے۔ میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ بہار کی ڈبل انجن سے چلنے والی حکومت میں حکومت کی حمایت یافتہ، طاقت سے تحفظ یافتہ اور حکومت کی سرپرستی کرنے والے مجرموں کے حوصلے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ وہ جب چاہیں، جہاں چاہیں، جس کو چاہیں قتل کرسکتے ہیں۔
آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ سچائی کو قبول کرنے کے بجائے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومت وہی پرانی اور گھسی پٹی باتیں دہراتی رہتی ہے ، ہر روز سینکڑوں لوگ مجرمانہ واقعات میں بے وقت موت کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہم جرائم کے بلیٹن بھی جاری کرتے ہیں لیکن تکبر کرنے والی اس حکومت کو کوئی پرواہ نہیں۔ ریاست کی موجودہ حکمرانی اور انتظامیہ پر طنز کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "اگر تھکے ہوئے لیڈر اور ریٹائرڈ افسران ریاست کے لاء اینڈ آرڈر کو سنبھالتے ہیں، تو اس کا انجام یہی ہوگا۔