علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جامع مسجد میں مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا (ایم ایس او)، اے ایم یو یونٹ کی جانب سے علامہ یاسین اختر مصباحی کی یاد میں گذشتہ شب تعزیتی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ نماز مغرب کے بعد قرآن خوانی ہوئی بعدہ علماء کرام کے بیانات ہوئے جس میں علامہ یاسین اختر مصباحی علیہ الرحمہ کی سوانح حیات کے ساتھ ساتھ ان کی دیرینہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا احسان الحق جامعی نے بتایا کہ علامہ یاسین اختر مصباحی قلم کے عظیم بادشاہ ہونے کے باوجود خاکساری و انکساری کے منفرد المثال شخصیت کے مالک تھے۔ آپ نے پوری زندگی علم و ادب، تعلیم و تعلم اور دینی و سماجی خدمات میں صرف کر دیں۔ محفل کا اختتام صلاة و سلام اور فاتحہ پر ہوا بعدہ ان کی مغفرت و بلندی درجات کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس محفل میں ایم ایس او کے نائب صدر ذیشان احمد کریمی و جوائنٹ سکریٹری محمد کامل رضا کے علاوہ علماء و طلبا کی کافی تعداد موجود تھی۔