نئی دہلی (یواین آئی) حکومت نے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا میں 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہر زمرے کے لوگوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔
میٹنگ کے بعد، اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو آیوشمان بھارت یوجنامیں شامل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا۔ ان خاندانوں کے لیے جن کے بزرگ افراد ہیں، آیوشمان بھارت یوجناکے تحت بیمہ کی رقم 10 لاکھ روپے ہوگی۔ اضافی رقم صرف بزرگ افراد کے لیے مختص کی جائے گی۔
آیوشمان بھارت یوجناکے تحت 5 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دستیاب ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے 4.50 کروڑ خاندانوں کے چھ کروڑ بزرگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس وقت آیوشمان بھارت یوجنامیں 12.30 کروڑ خاندان شامل ہیں۔
مسٹرویشنو نے کہا کہ اس منظوری کے ساتھ، 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہری، خواہ ان کی سماجی و اقتصادی صورتحال کچھ بھی ہو، آیوشمان بھارت کے فوائد حاصل کرنے کے اہل ہو جائیں گے۔ اہل بزرگ شہریوں کو نیا خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا۔