نئی دہلی (یو این آئی) معاشرتی اصلاحات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے ہمالیہ ڈرگس کے ڈائرکٹر ڈاکٹرسید فاروق نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ تربیت کی اہمیت ہر دور میں رہی ہے لیکن موجودہ حالات کے پیش نظر اس کی اہمت دوبالا ہوگئی ہے یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک مختصر سی نشست میں کہی جس کا اہتمام آئیڈیا کمیونی کیشن کے سربراہ آصف اعظمی نے کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ معاشرہ میں بے راہ روی کی اہم وجہ تربیت کا فقدان ہے۔ حالات بدلنے کے ساتھ ساتھ طریقہ تعلیم میں بھی تبدیلی ہوئی ہے اس لئے والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی طور پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تعلیم سے زیادہ تربیت پر توجہ دی جاتی تھی اور اساتذہ اور والدین بچوں کے حرکات و سکنات پر بہت زیادہ نظر اور توجہ دیتے تھے لیکن مادیت کے اس دور میں اس میں بہت زیادہ کمی آئی ہے خواہ وجہ کچھ بھی ہو،جس کی وجہ سے معاشرہ پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ موجودہ دور میں والدین کی زیادہ ذمہ داری ہے وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں، انہیں ڈانٹنے ڈپٹنے کے بجائے منطقی طور پر سمجھائیں، پہلے خود عمل کریں اور اپنے عمل سے بچوں کو ترغیب و تحریک دیں۔ اس سے معاشرے میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔اس تقریب میں ڈاکٹر شہاب اشرف (ڈپٹی ڈائرکٹر، ہمدرد سول سروسز کوچنگ سینٹر)شوکت مفتی (جامعہ ہمدرد)دوردرشن سے وابستہ ڈاکٹر مظہر محمود، ڈاکٹر خورشید انصاری (ایسوسی ایٹ پروفیسر، جامعہ ہمدرد) ایڈوکیٹ انل نوٹیال,اقبال سید صحافی,پروفیسر عبدالقیوم انصاری (انجینئرنگ فیکلٹی، جامعہ ملیہ) دانش اقبال (ڈائرکٹر، آئی پارک) یو این آئی سے وابستہ عابد انوراور آئیڈیا کمیونی کیشن کے سربراہ آصف اعظمی اور دیگر نے اس مذاکرے میں حصہ لیا۔تمام شرکاء نے تعلیم پر زور دیا اور کہا کہ تعلیم تو لازمی ہے خواہ کیسے بھی ادارے ہوں، ہم اپنے بچوں کی تربیت کس طرح کرسکتے ہیں جس سے وہ معاشرے کے لئے کارآمد بنیں اور دوسری برائیوں سے دور رہیں، اس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے.