علی گڑھ : جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی میں ’’ویکسین اور حفاظتی خدشات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس ’’ویکسیکون-2023‘‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس میں ٹیکوں کے بارے میں پھیلی غلط فہمیوں اور خدشات کا ازالہ کیا گیا۔ اس موقع پر دواؤں کے ری ایکشن کے بارے میں اطلاع جمع کرنے کی مشق بھی کرائی گئی۔
ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے لیے ویکسین پر ایک مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں اجمل خان طبیہ کالج کی ڈاکٹر ثمرین خان، ڈاکٹر صالحہ اختر، ڈاکٹر فضل الرحمان نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔
اس موقع پر تحقیقی مقالے پیش کیے گئے جس میں ڈاکٹر صالحہ اختر، ڈاکٹر شیلجا سنگھ، ڈاکٹر سعد اور ڈاکٹر شمیمہ کے تحقیقی مقالے بہترین قرار پائے۔ اجمل خان طبیہ کالج کے طلباء نے ڈاکٹر دیوان اسرار خان کی رہنمائی میں اپنے تحقیقی مقالے تیار کئے۔
کانفرنس کی آرگنائزنگ چیئرپرسن پروفیسر فریدہ احمد اور آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر جمیل احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔