اورنگ آباد ۔ مسلم معاشرہ کا استحکام اور مسلمانوں میں اسلامی احکام کی ترجیح و اشاعت کے لئے ہر دور میں علماء اور مفتیان کی ضرورت محسوس کی جاتی رہی ہے ۔ اس لئے کہ مسائل نجات اور کامیابی کے لئے ضروری ہے اور فضائل درجات کی بلندی کے لئے مفید ثابت ہوتے ہیں اس لئے کہ مسائل کے بغیر کسی بھی فریضہ کو ادا کرنا دشوار ہوتا ہے اور فضائل کے ذریعہ اسلامی احکامات کو تقویت بخشی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ خزیمہ میں شعبہ افتاء کے قیام کے موقع پر منعقد پروگرام سے مولانا مفتی عمر جونپوری نے اپنے خطاب میں کیا ۔ افتتاح بخاری کے موقع پر معہد ملت کے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملّی نے فرمایا کہ قرآن ،حدیث اور تصوف یہ تین سلسلے وہ ہیں جو راست حضورؐ سے ملتے ہیں جبکہ عصری علوم کے اساتذہ کا سلسلہ کہیں بھی تواتر کے ساتھ نہیں ملتا۔ اور حقیقی علم کے لئے تواتر کے ساتھ استاد کا ہونا لازمی ہے یہی وجہ ہے کہ حدیث، قرآن اور تصوف کا سلسلہ استادوں کے ذریعہ حضور ؐسے جا ملتا ہے جو فرشتوں کے ذریعے براہ راست خدا و ند قدوس سے حاصل کیا جاتا ہے ۔ اسی لئے امام بخاری نے اپنی کتاب کا آغاز بھی بداء الوہی سے کیا ہے اس لئے کہ اس کا تعلق راست اللہ سے قائم ہوتا ہے ۔ اسی لئے اللہ نے حصول علم کے لئے کان، ناک اور زبان عطا کی ہے جو حصول علم کے ذرائع ہیں ۔ یہی وہ علم ہے جس کے ذریعہ قبر ، حشر نشر ، جنت اور جہنم کا علم حاصل ہوتا ہے اور اسی کو یقینی علم کہا جاتا ہے ۔
اس پروگرام سے مولانا محمد نسیم الدین مفتاحی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اسلام میں علم کو بہت اہمیت دی ہے اور بیٹی پڑھائو کا نعرہ بھی اسلام نے دیاہے ۔ مولانا نے متعدد حوالوں سے خواتین کی اسلام کے لئے قربانیوں کا تذکرہ کیا ۔ اس موقع پر حافظ محمد اقبال انصاری نے مدرسے کے ابتدائی دور کا تذکرہ کیا جبکہ مولانا نظام الدین ملّی نے افتاء کے ساتھ ہی تربیت فضا ء کی طرف توجہ دلائی اور اس محاذ پر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ نیز مولانا ادریس صاحب ملّی سے درخواست کی کہ وہ دارالقضاء ، مالیگائوں کے فیصلوں کو کتابی شکل دیں تاکہ تربیت فضاء کے طلبا کے لئے اس سے استفادہ کیا جاسکے ۔ اسی طرح مولانا شیخ نور جمالی نے بھی خطاب کیا ۔ آغاز میں ادارہ کے مہتمم اور بانی مفتی سید ذاکر قاسمی نے پروگرام کی غرض وغایت بیان کی اور آنے والے تمام مہمانان کو خوش آمدید کہا اور تعارف پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا ۔ اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مولانا نعیم احمدقاسمی کے کاموں کی ستائش کی ۔ اس جلسہ ء عام کی صدارت حضرت مولانا محمد نسیم الدین مفتاحی نے کی جبکہ مولانا محمد ادریس اورمفتی محمد عمر جونپوری نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز حافظ محمد افضل خزیمی سابق طالب علم کی تلاوت کلام پاک اور مدرسہ ہذا کے طالب علم ابوذر کی نعت پاک ؐسے ہوا اور مولانا محمد نسیم الدین مفتاحی کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔آخر میں مولانا مفتی محمد ذاکر قاسمی نے مہمانان اور شرکا ئے پروگرام و علما ئے اکرام اور عمائدین شہر کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لئے مولانا نعیم احمد قاسمی ،مفتی جنید ، عبدالمتین اور مقصود اور دیگر مدرسہ کے اساتذہ نے کافی جدوجہد کی۔