نئی دہلی (پریس ریلیز)حج بیت اللہ 2023 کی ادائیگی کے لیے ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ریاست دہلی سے گزشتہ22 مئی2023 کو دیر رات :1:50بجے 381 عازمین حج کو لے کر سعودیہ ایر لائن کے طیارہ کی پہلی پرواز کے بعد اب تک کل6364 عازمین حج دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ پہونچ چکے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ 6 جون تک جاری رہے گا۔اس درمیان آج سے خادم الحجاج کی روانگی بھی شروع ہو گئی ہے۔
واضح ہو کہ حج کے دوران مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے تعاون اور رہنمائی کے لیے وزارت اقلتی امور اور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی تجویز اور اسکیم کے تحت ہر سال ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے سرکاری ملازمین کو خادم الحجاج کے طور پر بھیجا جاتا ہے اور ان کو 2100 سعودی ریال بھی دیے جاتے تھے مگر اس سال حاجیوں کو ریال کی یہ رقم نہ دینے کی وجہ سے خادم الحجاج کو یہ رقم فراہم کرنے کے سلسلے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ایسی صورت میں منتخب خادم الحجاج تذبذب کا شکار تھے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے حج کمیٹی آف انڈیا کو خط لکھ کر پر زور مطالبہ کیا کہ حسب سابق تمام خادم الحجاج کو ریال فراہم کیے جائیں۔اس خط کی کاپی دیگر ریاستوں کے ایگزیکٹو آفیسر کو بھی بھیجی گئی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اس مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے ہر ریاست کے خادم الحجاج کو2100 ریال کی فراہمی کر دی ہے اور اب ان خادم الحجاج کی مدینہ منورہ کے لیے روانگی شروع ہو گئی ہے۔
اس درمیان دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے رام لیلا میدان میں نصب کیے گئے پورے طورپر ایئر کنڈیشن ٹرانزٹ کیمپ میں مغربی اترپردیش اور دیگر صوبوں کے عازمین حج کرام اور ان کے اہل خانہ کے آنے کا سلسلہ تیز سے تیز تر ہو رہا ہے اورٹرانزٹ کیمپ میں خصوصی طور ڈائل کے لیے بنائے گئے ہولڈنگ ایریا میں عازمین کے عارضی قیام کے بعدبسوں سے ان کو حج ٹرمنل لے جانے کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے اسٹاف اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمنل3پر عازمین حج کو سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے شب و روز اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ایئر پورٹ سے حجاج کرام کی مدینہ منورہ کے لیے روانگی پورے نظم و ضبط اور صبر و سکون کے ساتھ جاری ہے۔ اس دوران دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں بھی بذات خود متواترایئرپورٹ پہنج کر چیکنگ ایریا، سیکورٹی ہولڈ ایئریا اور سعودی ایئر لائنس کے بورڈنگ گیٹ سے عازمین حج سے ملاقات کر رہی ہیں اور ایئرپورٹ پر مختلف ایجنسیوں سے ملک کر تمام تر سہولیات کو خود یقینی بنانے میںمصروف ہیں۔ایئرپورٹ کے علاوہ حج کیمپ میں بھی گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی سول ڈیفنس کے رضاکاران کی تعیناتی کی گئی ہے جو دہلی پولیس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ مل کرحج کیمپ میں حاجیوں کی حفاظت اور سہولیات کا پورا خیال رکھ رہے ہیں۔ واضح ہوکہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی تعیناتی ہر سال حکومت دہلی کی جانب سے کی جاتی ہے اور سرکاری گرانٹ سے ہی انہیں معاوضے کی رقم ادا کی جاتی رہی ہیں۔ علاوہ ازیں حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارتِ اقلیتی امور حکومت ہند کی جانب سے ریاستی حج کمیٹی کو جاری اس ہدایت کے باوجود کہ حج کیمپ میں پرائیوٹ رضاکاروں کوداخلہ نہ دیا جائے،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے بعض درخواست گذاررضاکار تنظیموں کو ان کی جانب سے قابل قبول شناختی کارڈآدھار کارڈ کی فراہمی کی بنیاد پرمتعینہ تعداد میں حج کیمپ کے اندر داخلہ پاس کے ساتھ خدمات انجام دینے کی اجازت بھی فراہم کی گئی ہے ۔