گریڈیہ، 14 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب کی شروعات بھارت ماتا کی جے اور جھارکھنڈی جوہار سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی جھمری تلیا کا نام سنتے آئے ہیں۔وزیر اعظم نے آج کوڈرما لوک سبھا اور گریڈیہ لوک سبھا کے ووٹروں کو راغب کرنے کے مقصد سے گریڈیہ کے برنی بلاک کے پیشام میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔
مسٹر مودی کو سننے کے لئے پارٹی کارکنوں کے ساتھ لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ پی ایم نریندر مودی جلسہ گاہ سے تقریباً تین کلومیٹر کی دوری پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہیلی پیڈ پہنچے اور وہاں سے سڑک کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچے۔ جہاں پہلے سے ہی اسٹیج پر مرکزی وزیر، کوڈرما سے لوک سبھا امیدوار اناپورنا دیوی، گریڈیہ لوک سبھا امیدوار چندر پرکاش چودھری، پارٹی کے ریاستی صدر بابولال مرانڈی، اے جے ایس یو کے صدر سدیش مہتو، ایل جے پی کے ریاستی صدر راجکمار راج، سابق ایم پی ڈاکٹر رویندر رائے اور رویندر پانڈے اور پارٹی کے دیگر لیڈروں نے پی ایم مودی کا پرزور استقبال کیا۔
مسٹر مودی نے کہا کہ اگرچہ انہیں آنے میں دیر ہو گئی لیکن وہ سب کے لیے بابا کاشی وشوناتھ کا آشیرواد لے کر آئے ہیں۔ کوڈرما اور گریڈیہ کے باشندوں کے لیے مودی اہم امیدوار ہیں۔ اس لیے گرڈیہ سے کوڈرما کی امیدوار اناپورنا دیوی اور اے جے ایس یو کے امیدوار سی پی چودھری کو ووٹ دیں اور انہیں دہلی بھیجیں۔ تاکہ آپ کے مودی کی قیادت میں دہلی میں تیسری بار ایک مضبوط حکومت بن سکے۔ اس دوران انہوں نے گانڈے کے امیدوار دلیپ ورما کو ووٹ دینے کی بھی اپیل بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ملک نے کئی سالوں سے کانگریس کی قیادت میں کمزور حکومت دیکھی ہے۔ گریڈیہ اور کوڈرما نکسل ازم سے متاثر ہوئے ہیں اور یہ علاقہ نکسل ازم نے برباد کر دیا ہے، اسے ختم کرنے کے بجائے مختلف سیاسی پارٹیوں نے اس میں صرف روٹیاں سینکیں ہیں۔ لیکن بی جے پی حکومت نے نکسل ازم کو کچلنے کا کام کیا ہے۔