پٹنہ: ریاستی سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور انتہائی پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن بڑھانے کے لیے لایا گیا بل جمعرات کو بہار اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ بی جے پی کی جانب سے اسمبلی میں اس بل کی حمایت کرتے ہوئے نند کشور یادو نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقات کی ترقی نہیں ہو جاتی۔
ذہن نشیں رہے کہ جیسے ہی یہ بل قانون بنتا ہے، بہارسرکار کی نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کی سطح 75 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ اس وقت بہار میں سماج کے تمام پسماندہ طبقات کو ریزرویشن کی سطح 50 فیصد ہے۔ اس کے ساتھ معاشی طور پر کمزور طبقے کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا بھی انتظام ہے۔ بہار کے گورنر کی منظوری ملتے ہی یہ بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔ اس کے بعد کل ریزرویشن 75 فیصد ہو جائے گا۔حال ہی میں بہار میں ذات کے سروے کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جس کے مطابق ریاست میں انتہائی پسماندہ طبقات 36.01%، پسماندہ طبقات 27.12%، درج فہرست ذاتیں 19.65%، اور غیر محفوظ یعنی اعلیٰ ذاتیں تقریباً 15.52% ہیں۔جبکہ شیڈولڈ ٹرائب کی آبادی 1.68% ہے۔