نئی دہلی، 24 ستمبر (یواین آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ہریانہ میں لڑکیوں اور خواتین کے جنسی استحصال کے جرائم بڑھ رہے ہیں اور ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت اسے روکنے میں ناکام رہی ہے۔کانگریس نے ٹویٹر پر اپنے آفیشل پیج پر کہا کہ ہریانہ میں بی جے پی حکومت کی کمزوریوں کی وجہ سے خواتین اور لڑکیوں کی زندگی مشکل ہوتی جا رہی ہے اور ان کی سیکورٹی سے متعلق صورتحال مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے۔ ریاست کی بی جے پی حکومت خواتین کے تحفظ کے معاملے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔
پارٹی نے کہاکہ "یہ خبر اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ہریانہ میں خواتین اور لڑکیوں کی صورتحال کتنی خراب ہے۔ گزشتہ چار دنوں میں چھ سالہ دو بچیوں کی عصمت دری اور قتل کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اب یمنا نگر سے نابالغ لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ملزم ہر روز اسکول جانے والی لڑکیوں کو تنگ کرتا تھا، ان کا پیچھا کرتا تھا، انہیں ڈانٹتا تھا اور ہراساں کرتا تھا۔
کانگریس نے کہا کہ ہریانہ میں مسلسل ہو رہے ان واقعات سے لوگ پریشان ہیں اور اس کو لے کر عوام میں زبردست غصہ ہے۔ پارٹی نے کہاکہ "اس کو لے کر لوگوں میں کافی غصہ ہے اور یہ تشویش بھی ہے کہ بی جے پی حکومت میں لڑکیوں کا اسکول جانا مشکل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت خواتین کے تحفظ کے معاملے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔