نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے ’محبت کی دُکان‘ نعرے سے متاثر ہو کر، پارٹی کی طلبا یونٹ این ایس یو آئی کے دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کے انتخابات میں اس کے امیدواروں نے ’محبت کی دُکان‘ مہم چلائی اور ووٹر طلبا و طالبات کو گلاب کے پھول پیش کیے گئے۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے این ایس یو آئی کے قومی میڈیا انچارج پانڈے نے بتایا کہ ڈی یو ایس یوانتخابات میں تنظیم کے امیدواروں نے ’محبت کی دُکان‘ مہم کے تحت طلبا و طالبات میں گلاب تقسیم کرکے محبت، امن اور خیر سگالی کا پیغام پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ این ایس یو آئی نے اس قدم کو ’محبت کی دُکان‘ کا نام دیا ہے اور اس کا مقصد مبینہ طور پر اے بی وی پی کے ذریعہ پھیلائے جارہے تشدد کا جواب دینا ہے۔
این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے اس موقع پر کہا کہ این ایس یو آئی تشدد سے پاک کیمپس بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اے بی وی پی نے دہلی یونیورسٹی میں طلباء اور اساتذہ پر حملہ کیا ہے۔ ہمارا پیغام واضح ہے کہ این ایس یو آئی کی قیادت میں ڈی یو ایس یوسب کے لیے خاص طور پر خواتین کے لیے ایک پرامن اور مساوی جگہ بنائے گی۔‘‘
تنظیم کی سکریٹری امیدوار نمرتا جیف نے کہا کہ کیمپس میں خواتین کے لیے تشدد اور غیر محفوظ ماحول ہے اور اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔