مین پوری:07مئی(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ مرکز میں حکمراں جماعت بی جےپی کے اشارے پر عوام کو پریشان کرنے کے لئے جان بوجھ کر عام الیکشن شدید گرمی میں کرائے جارہے ہیں۔ابھینو آدرش پولنگ سنٹر پر بیوی اور امیدوار ڈمپل یادو ، بیٹی آدتی یادو کے ساتھ ووٹ ڈالنے کے بعد یادو نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا’ بی جے پی والے لوگوں کو پریشان کرنے کے لئے شدید گرمی میں الیکشن کراتے ہیں۔ یہ الیکشن ایک مہینے پہلے بھی ہوسکتے تھے۔ حالانکہ بی جےپی اس پر بولے گی کہ یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کے نام پر بی جےپی عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ آئین کے تحفظ کے لئے انڈیا اتحاد کی حمایت میں عوام ہیں۔ اور بی جے پی 400 پار کا نعرہ بھول گئی ہے۔ بی جےپی کی بہت بڑی ہار ہونے جارہی ہے لیکن بی جےپی سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔لوک سبھا الیکشن کے تیسرے مرحلے میں ہائی پروفائل مین پوری لوک سبھا سیٹ پر شام پانچ بجے تک 58فیصدی افراد نے ووٹنگ کی تھی۔مین پوری ضلع کی چار اور اٹاوہ ضلع کی ایک اسمبلی حلقہ مین پوری لوک سبھا سیٹ مشتمل ہے۔ کرہل اسمبلی حلقے میں سب سے زیادہ اور مین پوری اسمبلی حلقے میں سب سے کم ووٹنگ ہوئی۔ اعظم گڑھ سے امیدوار دھرمیندر یادو نے بھی اسی ووٹنگ سنٹر پر ووٹنگ کیا۔