چنڈی گڑھ، 22 اپریل (یو این آئی) ہریانہ کے کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا نے پیر کو کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں 400 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا نعرہ مکمل طور پر پھس ثابت ہونے والا ہے۔مسٹر ہڈا نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ پورے ملک کی طرح ہریانہ میں بھی کانگریس پوری طرح سے مضبوطی کے ساتھ جنگ لڑرہی ہے۔ جو انتخابی تجزیہ کار کچھ دن پہلے بی جے پی کو آٹھ سے نو سیٹیں دے رہے تھے وہ آج بی جے پی کو شکست کھاتے ہوئے دکھا رہے ہیں۔ تمام انتخابی سروے بتا رہے ہیں کہ کانگریس کا گراف بڑھ رہا ہے اور بی جے پی کا گراف گر رہا ہے۔ جیسے جیسے ووٹنگ کی تاریخ قریب آئے گی، یہ واضح ہو جائے گا کہ کانگریس ہریانہ میں یکطرفہ طور پر جیت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج ہریانہ میں کانگریس کی حکومت کے قیام کی بنیاد پڑے گی، کیونکہ ہر طبقہ بی جے پی حکومت سے ناخوش ہے۔ بے روزگار نوجوان آج سڑکوں پر بارات نکال کر مظاہرہ کررہے، کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) نہ ملنے سے ناراض کسان منڈیوں میں پریشان بیٹھے ہیں اور آمدنی میں کمی سے مزدور اور متوسط طبقہ مایوس ہو چکا ہے۔ بی جے پی نے ہریانہ کے 63 فیصد لوگوں کو، جو 2014 تک ملک کی سب سے خوشحال ریاست تھی، کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس ہریانہ میں الیکشن لڑنے کے لیے اپنے امیدوار تک نہیں ہیں۔ کانگریس اور دیگر پارٹیوں سے آنے والے لوگوں کو پارٹی میں شامل کیا گیا اور ٹکٹ دیے گئے، لیکن کانگریس کے پاس پورے ہریانہ میں ٹکٹوں کے مضبوط دعویداروں کی ایک لمبی فہرست ہے۔ تمام ناموں پر بات کرنے میں وقت ضرور لگتا ہے لیکن تمام سیٹوں پر نام تقریباً فائنل ہیں۔ کانگریس ہائی کمان کسی بھی وقت ناموں کی فہرست جاری کر سکتی ہے۔