نئی دہلی (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات سے قبل دہلی کے رام لیلا میدان میں اپوزیشن انڈیا اتحاد کی مہا ریلی کے جواب میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایک وسیع اور شدید پوسٹر بینر مہم شروع کی ہے جس میں اپوزیشن کو بدعنوانی بچاؤ گٹھ جوڑ قراردیا گیا ہے۔ بی جے پی نے راجدھانی کے رام لیلا میدان کی طرف جانے والی تمام بڑی سڑکوں کے چوراہوں کو بڑے بڑے بینرز اور پوسٹروں سے ڈھانپ دیا ہے جس میں اپوزیشن کی ریلی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے اس حملے کا کوئی موثر ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
تقریباً تمام اپوزیشن جماعتوں کے رام لیلا میدان میں ہونے والے اجتماع میں ان کے لیڈروں نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، محکمہ انکم ٹیکس اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) جیسی ایجنسیوں کا بے حد غلط استعمال کر رہی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت نے تحقیقاتی ایجنسیوں کی مدد سے اپوزیشن کے سبھی بڑے لیڈروں کو ایک ایک کرکے جیل میں ڈال دیا ہے یا پھر ان کے خلاف سنگین بدعنوانی کے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ اس کا مقصد عوام میں اپوزیشن کی شبیہ کو خراب کرنا ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس کی مدد سے بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں برتری حاصل کرنا چاہتی ہے۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ملک کے لوگ کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ پوری اپوزیشن نے بدعنوانی اور بدعنوانوں کو بچانے کے لیے اتحاد بنایا ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی اتحاد 400 سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ملک کے لوگ کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ پوری اپوزیشن نے بدعنوانی اور بدعنوانوں کو بچانے کے لیے اتحاد بنایا ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی اتحاد 400 سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔