پٹنہ 31 مارچ (یو این آئی) بہار پردیس جنتا دل یونائٹیڈ کے جنرل سکریٹری اور بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جن نائک کرپوری ٹھاکر کو ہندوستان کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے سرفراز کیے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بہار کا سر فخر سے اونچا ہو گیا ہے۔ارشاد علی آزاد نے کہا کہ آنجہانی کرپوری ٹھاکر نے سماج کے پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کے ساتھ ساتھ ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے لیے جو کام کیے ہیں وہ نا قابل فراموش ہیں۔ جن نائک نے ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے لیے جو انقلابی فیصلے لیے اسی کا نتیجہ ہے کہ بہار میں تمام طبقات کی ترقی کے دروازے کھلے ہیں۔
بہار اسٹیٹ بشیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزادنے کہا کہ موجودہ دور میں وزیراعلی نتیش کمار جن نائک کر پوری ٹھاکر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بہار کی ترقی کے لیے وہ تمام تر کوششیں کر رہے ہیں جس سے بہار کے عوام بالخصوص پسماندہ طبقات مستفیض ہوں اور انہیں ترقی کے مواقع حاصل ہوسکیں۔
ارشاد علی آزاد نے کہا کہ خواہ وہ تعلیم کا معاملہ ہو،روزگار کا معاملہ ہو یا پھر امن و امان کا وزیرا اعلی نتیش کمار جن نائک کی راہ پر چل کر بہار میں نئی مثال قائم کر رہے ہیں جس سے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کو بھی تعلیم، روزگار اور دیگرشعبے میں مواقع فراہم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے وزیر اعلی نتیش کمار کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والے وقت میں بھی بہار کی ترقی کا یہ سلسلہ جاری رہے۔
ارشاد علی آزاد نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اساتذہ تقرری کی جو مثال پیش کی گئی ہے اس سے ریاست کی اقلیتی آبادی کو خصوصی طور پر بہت فائدہ پہنچا ہے اور اس طبقے کے بہت سے لوگوں کو اساتذہ بننے کا موقع ملا ہے جس سے ان کی زندگی میں بہتری آئی ہےاور اب وہ بہار اور ملک کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں ۔