پٹنہ، 02 جولائی (یو این آئی) بہار کے پٹنہ کی ایک خصوصی عدالت نے آج مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی طرف سے داخل کی گئی اس درخواست کو مسترد کر دیا، جس میں این ای ای ٹی سوالیہ پرچہ لیک معاملے میں پہلے گرفتار کیے گئے جیل میں بند 13 ملزمان سے حراستی پوچھ گچھ کے لئے پولیس ریمانڈ پر دیئے جانے کی مانگ کی گئی تھی۔اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ ہرش وردھن سنگھ کی عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے سی بی آئی کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امیت کمار نے اس معاملے میں پٹنہ پولیس کے ذریعہ گرفتار کیے گئے 13 لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے پولیس ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا تھا۔
درخواست کی سماعت کے بعد خصوصی عدالت نے اس حوالے سے قائم قانون کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست مسترد کر دی جس کے مطابق گرفتار ملزم کو 15 دن کے بعد پولیس ریمانڈ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں فی الحال 23 ملزم جیل میں ہیں۔ ان میں سے 13 ملزمان کو پٹنہ پولیس نے 05 مئی 2024 کو پٹنہ کے شاستری نگر پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا اور انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں کیس سپیشل اکنامک یونٹ کے سپرد کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد مرکزی حکومت کے حکم پر سی بی آئی ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اس سے قبل سی بی آئی نے اسی عدالت میں ایک عرضی دائر کی تھی جس میں مذکورہ 13 ملزمان سے جیل میں پوچھ گچھ کی اجازت مانگی گئی تھی، جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے 27 جون 2024 کو اجازت دے دی تھی۔