سری نگر(یو این آئی)جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے پیر کے روز کہاکہ نوجوانوں کو سیاسی پلیٹ فارم پر لانا میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ گر چہ کانگریس مکمل طورپر ختم ہو چکی ہے لیکن ملک میں الیکشن کے غیر متوقع نتائج برآمد ہو سکتے ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے بلبل نوگام میں روڈ شو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ پروگریسیو آزاد پارٹی نے نوجوانوں کو سیاسی پلیٹ فارم پر لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت سری نگر سے نوجوان امیدوار کو کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا:’میں نے کھبی بھی خاندانی سیاست کی وکالت نہیں کی ۔‘
غلام نبی آزد کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن کے غیر متوقع نتائج ہو سکتے ہیں ۔پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دونوں جماعتوں نے لوگوں کا استحصال کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بہت ساری جانیں ضائع ہوئیں ، بہت سے نوجوان اندھے ہو گئے لیکن اتنی قربانیاں دینے کے باوجود بھی ہم نے کچھ حاصل نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ میرا ایجنڈا صرف ترقی اور امن کے اردگرد گھومتا ہے ، پانچ دہائیوں کی سیاست میں کھبی بھی جھوٹے نعروں کا سہارا نہیں لیا۔آزاد نے کہا؛’جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر اپنے دور میں بہت سارے کام کئے ۔‘
ان کے مطابق میرے کام کوئی چیلنج نہیں کرسکتا کیونکہ بطور وزیر اعلیٰ ڈبل اور ٹرپل شفٹوں میں بہت سارے پروجیکٹ مکمل کئے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ نوجوان کل کے معمار ہیں لہذا ’اے پی ڈی پی ‘نے ایڈوکیت سلیم پرے اور عامر بٹ کو امیدوار نامزد کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے اصولوں پر ثابت قدمی سے عمل کیا ، سیاسی مفادات کے لئے کھبی بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے اندر نوجوان قیادت نے میری بات پر توجہ نہیں دی ،اسی لئے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ لیا۔