عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کی تقریب سے سدا رمیا کا خطاب
حیدرآباد:وزیراعلیٰ کرناٹک سدا رامیا نے ریاست میں کانگریس کے اقتدار کیلئے مسلمانوں کی تائید پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ آپ کی تائید کے نتیجہ میں میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حج کیمپ میں شریک ہوں۔ چیف منسٹر نے بنگلور حج بھون میں عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں دیگر طبقات کی طرح ترقی اور بھلائی میں مسلمانوں کو مساوی حصہ داری کا وعدہ کیا ۔ سدا رامیا نے کہا کہ حکومت سیکولر ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے اور تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں مارل پولیسنگ کی اجازت نہیں رہے گی اور جو کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام سے جو 5 وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ اقلیتوں کا تحفظ اور ان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر ہاوزنگ و اقلیتی امور ضمیر احمد خاں نے کہا کہ گلبرگہ، بیدر، رائچور، ہبلی اور منگلور میں حج بھون تعمیر کئے جائیں گے۔ پانچ برسوں میں حج بھون کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک سے 8000 سے زائد عازمین حج روانہ ہوں گے۔ وزیر امور حج و بلدی نظم و نسق رحیم خاں نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت انجام دینے والے والینٹرس کو عمرہ کی سعادت سے سرفرازکرنے کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سدا رامیا نے فوری طور پر5 کروڑ روپئے حج اخراجات کیلئے جاری کئے ہیں۔ صدر نشین حج کمیٹی رؤف الدین کچہری والا، سابق وزیر روشن بیگ اور دیگر عوامی نمائندے تقریب میں شریک تھے۔ر