رانچی (یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے صدر چراغ پاسوان نے کہا کہ اس بار موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے اتحاد ملک میں 400 سے زیادہ سیٹیں جیتنے جا رہا ہے۔ مسٹر پاسوان نے چھنمستیکا مندر میں پوجا کرنے کے بعد آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ این ڈی اے اتحاد پوری طرح تیار ہے۔ حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں جس طرح سے مختلف ریاستوں کے نتائج آئے ہیں، اسے ایک سیمی فائنل کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ جب سیمی فائنل اس طرح رہے ہیں تو اس میں کوئی شک نہیں کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد( این ڈی اے ) پچھلی بار سے زیادہ سیٹوں کے ساتھ حکومت بنائے گا۔
آئندہ انتخابات میں اپنی پارٹی کے بارے میں مسٹر پاسوان نے کہا کہ اتحاد کا فیصلہ آنے والے وقت میں کیا جائے گا۔ ایسے فیصلے کیے جائیں گے جس سے اتحاد مضبوط ہو۔ بہار ہو، جھارکھنڈ ہو یا اتر پردیش، اس بار تمام سیٹیں این ڈی اے اتحاد کو جائیں گی۔
جھارکھنڈ میں ایم پی دھیرج ساہو کے احاطے سے برآمد ہونے والے کروڑوں روپے کے معاملے میں مسٹر پاسوان نے کہا کہ آج کی تاریخ میں ملک نریندر مودی کی گارنٹی پر یقین رکھتا ہے۔اپوزیشن نے ملک کی سیاست کو بدعنوانی کا اڈہ بنا دیا تھا۔ موجودہ این ڈی اے اتحاد اور وزیر اعظم اسے ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔