چنڈی گڑھ، 9 دسمبر (یو این آئی) پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور اے اے پی کے کنوینر اروند کیجریوال اتوار کو لدھیانہ میں ‘بھگونت مان سرکار توہاڈے دوار’ اسکیم کا آغاز کریں گے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پنجاب کے چیف ترجمان مالویندر سنگھ کنگ نے ہفتہ کوکہا کہ اس اسکیم کے نفاذ کے بعد، عام لوگوں کے لیے درکار تقریباً تمام کاغذی کارروائی گھر بیٹھے مکمل کی جائے گی۔ اس کے تحت لوگوں کو 43 شہری خدمات ان کی دہلیز پر ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آرمس لائسنس، آدھار کارڈ اور اسٹامپ پیپر کے علاوہ تقریباً تمام سرکاری خدمات اس اسکیم کے دائرے میں آئیں گی۔ اس کے تحت پیدائش، شادی، موت، آمدنی، رہائش، ذات، دیہی علاقہ، سرحدی علاقہ، پسماندہ علاقہ، پنشن، بجلی کے بل کی ادائیگی، زمین کی حد بندی سرٹیفکیٹ اور دیگر شہری سہولیات گھر بیٹھے دستیاب ہوں گی۔
اس کے لیے حکومت کی جانب سے ایک ہیلپ لائن نمبر 1076 جاری کیا گیا ہے جس پر کال کر کے لوگ اپنی سہولت کے مطابق ملاقات کا وقت طے کرکے اپنا کام کروا سکیں گے۔ وقت اور تاریخ مقرر ہونے کے بعد، لوگوں کو مطلوبہ دستاویزات، فیس اور دیگر چیزوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے لیے لوگوں کو مطلوبہ دستاویزات کی فہرست اور ملاقات کی تاریخ/وقت کے ساتھ ایک ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا۔
اس کام کو پورا کرنے کے لیے، خصوصی تربیت یافتہ عملہ ٹیبلیٹ کے ساتھ مقررہ اوقات پر ان کے گھروں/دفاتر میں جائیں گے اور ضروری کاغذی کارروائی مکمل کریں گے، فیس جمع کریں گے اوررسید دیں گے، جس سے شہری اپنی درخواستوں کو ٹریک کرسکیں گے۔ ان کے سرٹیفکیٹس کی سافٹ کاپی موبائل فون پر بھیجی جائے گی اور دستاویزات کی ہارڈ کاپی گھر پر پہنچائی جائے گی۔