گاندھی دھام: گجرات کے کچھ ضلع کے گاندھی دھام قصبے کے قریب ایک تنگ نالی کے کنارے سے جمعرات کو تقریباً 800 کروڑ روپے کی 80 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممنوعہ شے کے ایک ایک کلو کے 80 پیکٹ ملے ہیں۔ کچھ ایسٹ ڈویژن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ساگر باگمار نے کہا کہ اسمگلروں نے پکڑے جانے کے خوف سے یہ پیکٹ پھینک دیے ہوں گے، کیونکہ پولیس علاقے میں پہلے سے ہی سرگرم ہے۔ باگمار نے بتایا کہ یہ منشیات گاندھی دھام شہر کے قریب مٹھی روہر گاؤں کے قریب ایک تنگ نالی کے کنارے پھینکی گئی تھی۔
ایس پی نے کہا، "منشیات کی کھیپ کی سپلائی سے متعلق موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ہم علاقے میں پہلے سے ہی سرگرم تھے۔ "ہمارے تلاشی آپریشن کے دوران، ایک تنگ نالی کے کنارے، ہمیں ایک کلو گرام کی کوکین کے 80 پیکٹ ملے، جن کی مالیت 800 کروڑ روپے تھی۔”
بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور دیگر ایجنسیاں پچھلے دو سالوں سے جاکھاؤ کے قریب ساحل سے ہیروئن اور کوکین کے پیکٹ باقاعدگی سے برآمد کر رہی ہیں۔ جاکھاؤ پاکستان کے قریب ہے۔ماضی میں تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پکڑے جانے سے بچنے کے لیے اسمگلروں نے ایسے پیکٹ سمندر میں پھینکے تھے جو ساحل پر بہہ گئے۔
باگمار کے مطابق جمعرات کو گاندھی دھام کے قریب برآمد ہونے والا پیکٹ پہلے ضبط کیے گئے پیکٹ سے متعلق نہیں ہے۔ ایس پی نے کہا، ”یہ پیکٹ نسبتاً نئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ حال ہی میں پیک کیے گئے ہیں۔ "ہمیں پختہ یقین ہے کہ وہ اس سامان کا حصہ ہیں جس کے بارے میں ہمیں انٹیلی جنس ملی تھی۔”