علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کی جانب سے 25 تا 26 فروری 2023 ”دی ویسٹ لینڈ، یولیسس اور جیکبس روم کے سو سال“ موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ۔ شعبہ نے اس کانفرنس سے قبل مختلف پروگراموں کا اہتمام کیاجن میں بیسویں صدی کے عظیم انگریزی ادباءٹی ایس ایلیٹ، جیمس جوائس اور ورجینیا وولف کی مذکورہ بالا ادبی تصانیف پر خطبات اور پینل ڈسکشن شامل تھے ۔
پروفیسر ایس زیڈ ایچ عابدی (سربراہ، شعبہ السنہ، انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنو اور سابق سربراہ، شعبہ انگریزی و جدید یوروپی السنہ، لکھنو یونیورسٹی) نے ٹی ایس ایلیٹ کی تخلیق’دی ویسٹ لینڈ‘ پر خطبہ دیا۔انہوں نے کہا کہ ایلیٹ کی تخلیق، عالمی جنگ، شہریت ، ترک عقیدہ ، ٹوٹ پھوٹ اور انتشار کا سامنا کرنے والے دور جدید کے انسانوں کے بحران کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرہ کے فرد کا تخلیقی اظہار بکھری ہوئی حقیقت کی شکل میں ہونا فطری امر ہے جس کا نمونہ ایلیٹ کی یہ مشہور نظم ہے۔ انہوں نے جدید شاعری کی مختلف خصوصیات جیسے کہ ابہام، اظہار پسندی اور مونٹیج وغیرہ کا تفصیل سے ذکر کیا۔
پروفیسر امینہ قاضی انصاری (شعبہ انگریزی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی) نے ادبی نقطہ نظر سے اصطلاح ‘جدید’ کے مضمرات پر روشنی ڈالی اور تحریر میں نئے تجربات اور اظہار کی ذاتی شکلوں کے ابھار پر بھی گفتگو کی۔
”ورجینیا وولف اور جدید خاتون پر ان کے خیالات“ موضوع پر ڈاکٹر ادیبہ فیاض نے ”اے روم آف ونس اون“ اور ”مسز ڈیلووے“ کے حوالے سے روشنی ڈالی۔
جیمز جوائس کے یولیسس پر مبنی ایک پینل مباحثہ میں مسٹر محمد دانش اقبال اور ڈاکٹر محمد آصف نے زبان اور حقیقت کے درمیان تعلق کے حوالے سے انگریزی ادب میں جدیدیت کی آمد پر گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یولیسس، کس طرح سے فکشن کے مختلف عناصر جیسے کہ وقت، شعور، حقیقت وغیرہ کے بارے میں رائج تصورات کورد کرتا ہے۔
پروفیسر نگار زبیری (سابق چیئرپرسن، شعبہ سیاسیات) نے اختتامی کلمات ادا کئے۔ پروگرام کنوینر ڈاکٹر کشور ظفیر نے بتایا کہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں پروفیسر انیس الرحمن (جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی)، پروفیسر امرجیت سنگھ (او ایس یو، امریکہ) اور پروفیسر موتی لال رینا (پنجاب یونیورسٹی، چندی گڑھ) سمیت نامور اسکالرز کے سیشن اور خطبات ہوں گے ۔