پرانی پنشن اسکیم کے نفاذ، 300 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کے ساتھ ہی پہلی کابینہ میں ایک لاکھ سرکاری نوکریوں کا وعدہ
شملہ(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): کانگریس نے ہفتہ کے روز ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ اسے شملہ میں کانگریس صدر دفتر پر پرتگیا پتر کے نام سے جاری کیا گیا۔ قومی آواز ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق اس دوران چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور ہماچل کے انچارج راجیو شکلا، منشور کمیٹی کے صدر دھنی رام شانڈیل، ریاستی صدر پرتیبھا سنگھ اور سکھویندر سنگھ سکھو موجود تھے۔ اس منشور کو تیار کرنے میں تمام لیڈروں نے ہماچل، ہماچلیت اور ہم کو بنیاد بنایا ہے۔ منشور کمیٹی کے چیئرمین کرنل دھنی رام شانڈیل نے کہا کہ انتخابیک منشور میں ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے۔
کانگریس پارٹی نے منشور میں او پی ایس (پرانی پنشن اسکیم)، 300 یونٹ مفت بجلی، نوجوانوں کو روزگار اور پہلی کابینہ میں ایک لاکھ سرکاری نوکریوں کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے ایک لاکھ 65 ہزار پنشنرز کو پنجاب کی طرز پر پنشن اور الاؤنس دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
52 صفحات پر مشتمل اس منشور میں کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں تضاد کو دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ آؤٹ سورس، بورڈ اور کارپوریشنز کے ملازمین کے حوالے سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔حکومت کے گزشتہ 6 ماہ کے تمام فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیاسی عداوت کی وجہ سے کئے گئے تمام تبادلوں کو منسوخ کر دیا جائے گا۔
کانگریس کی حکومت بنتے ہی باغبانی کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جو سیب کی ہر قسم کی سپورٹ پرائس طے کرے گا۔ اس کے علاوہ فوڈ پروسیسنگ اور پھلوں سے متعلق صنعتوں کے حوالہ سے پالیسی بنائی جائے گی۔ اسی کے ساتھ سولن میں فوڈ پروسیسنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ نئی کولڈ سٹور پالیسی کے علاوہ سیب کے لیے یونیورسل پیکیجنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔اینٹی ہیل نیٹ سکیم کے تحت اب گرانٹ ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر دو لاکھ روپے کر دی جائے گی۔
کانگریس نے اپنے منشور میں لکھا ہے کہ حکومت ہر گئوپالک سے 10 کلو لیٹر دودھ خریدے گی۔ اس کے علاوہ گائے کا گوبر دو روپے فی کلو کے حساب سے خریدا جائے گا۔ چار گائے خریدنے پر حکومت گرانٹ دے گی۔
کانگریس نے کہا کہ ہماچل کی جی ڈی پی میں سیاحت کے شعبے کا 7 فیصد حصہ ہے۔ لہذا سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت ہیلی ٹیکسیاں شروع کی جائیں گی۔ کانگریس حکومت میں ٹیکسی ڈرائیوروں کے پرمٹ کی مدت 10 سال سے بڑھا کر 15 سال کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی نئی ماحولیاتی پالیسی بنائی جائے گی۔ نوٹ بندی سے جن صنعتوں کو نقصان پہنچا ہے انہیں دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کم از کم یومیہ اجرت 500 روپے ہوگی۔
کانگریس نے ریاست میں حکومت بنانے کے لیے 10 ضمانتیں دینے کا اعلان کر چکی ہے۔ کانگریس نے گارنٹی کے تحت ہماچل میں ہر خاتون کو 1500 روپے ماہانہ، 300 یونٹ بجلی مفت، 2 روپے میں گائے کا گوبر خریدنے جیسے وعدے کیے ہیں۔ اب کانگریس منشور لے کر آئی ہے، جس میں سماج کے ہر طبقے تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے۔