نئی دہلی (پریس ریلیز): دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر انتظام مقدس حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے حجاج کرام کی حج بہت اللہ کے بعد گذشتہ 3؍جولائی2023 سے21؍جولائی2023 تک واپسی مکمل ہونے پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے آج دہلی کے ایرو سیٹی میں واقع لیمن ٹری ہوٹل کے کانفرنس ہال میں ایک عظیم الشان حج اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں حکومت ہند میں وزیر مملکت برائے اقلیتی امور جناب جان برلا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر حج کمیٹی کی طرف سے حج امور میں شریک اور معاون تمام ایجنسیوں،محکموں اور دفتروں کو مدعو کیا گیا اور انہیں حج سے متعلق معاملات میں تعاون کے لیے یادگار نشان امتیازاور سرٹیفکٹ تفویض کی گئی۔اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وزیر موصوف اوردہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تمام ایجنسیوں،دہلی سرکار اورایم سی ڈی کے محکموں نیز دہلی پولیس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔اس تقریب میں مدعودیگر محکموں میں سعودی ایئر لائنس،ڈائل،وزارتِ امور خارجہ، حکومت ہند، کسٹم،محکمہ صحت، لوک نائک اسپتال، حکیم عبدالحمید اسپتال، ڈیوسب، بی۔ایس۔ای۔ایس،سول ڈیفنس اورحج کمیٹی آف انڈیا کے نام شامل ہیں۔اس اختتامی تقریب میں وزیر مملکت برائے اقلیتی امور، حکومت ہند کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ممبر جناب محمد سعد، دہلی کے ریجنل پاسپورٹ آفیسر جناب ابھیشک دوبے،ڈی ۔سی۔پی اندرا گاندھی ایئر پورٹ جناب دویش کمار مہلا،حکومت دہلی کے ہلتھ اور فیملی ویلفیئر دائریکٹر وندنا بگا،کمشنر کسٹم جناب زبیر ریاض کاملی کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسرجناب اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر اسٹاف بھی موجود تھے۔اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج2023 کے لیے انجام دیئے گئے مختلف اموراور معاملات پر مشتمل ایک مختصر سی ویڈیوں نمائش بھی کی گئی۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اقلیتی امور جناب جان برلا نے حکومت ہند کی جانب سے حج2023میں کیے جانے والے مختلف انتظامات پر اظہار خیال کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حجاج کرام کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وزارت اپنی جانب سے ہمیشہ کوشاں رہے گی اور پوری کوشش کی جائے گی کہ آئندہ حجاج کرام کو مزید بہتر سے بہترسہولیات فراہم کی جا سکیں۔تقریب کی نظامت ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی نے کہ جبکہ اختتام دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی کے شکریہ سے عمل میں آیا۔