بھوپال (یو این آئی) شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون اسٹارر فلم پٹھان کے خلاف آج کچھ تنظیموں کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ بجرنگ دل اور اس سے وابستہ کچھ تنظیموں کے کارکن یہاں جیوتی ٹاکیز علاقے میں جمع ہوئے اور پٹھان کی مخالفت کے علاوہ شاہ رخ اور اداکارہ دیپیکا کے خلاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کے ریلیز ہونے والے گانے میں فحاشی ہے اور یہ ہماری ثقافت کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم پر پابندی لگائی جائے ورنہ وہ اسے یہاں نمائش کی اجازت نہیں دیں گے۔
پٹھان کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ تنظیموں نے اس کی تصویر کشی پر اعتراض کیا ہے۔ مظاہرین نے لوگوں سے فلم کا بائیکاٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے خلاف اندور میں بھی مظاہرے کی اطلاع یہاں پہنچی ہے۔
دوسری جانب آج جبل پور میں شاہ رخ خان سے متعلق فلم کی شوٹنگ کے دوران کچھ تنظیموں نے مظاہرہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ راجکمار ہیرانی خود اس فلم کی شوٹنگ کے لیے جبل پور میں ہیں۔ کچھ تنظیموں سے وابستہ کارکن شوٹنگ کے مقام کے قریب پہنچ گئے اور نعرے بازی کی۔ تاہم کسی کو بھی شوٹنگ کی جگہ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس نے سیکورٹی سے متعلق بھی ضروری انتظامات کئے تھے۔ اس فلم کا نام ڈنکی بتایا گیا ہے جس میں شاہ رخ مرکزی کردار میں ہوں گے۔