نئی دہلی : دہلی کے ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے آج شاہی عیدگاہ کا دورہ کر وہاں کی خستہ حالت کا جائزہ لیا۔ انھوںنے عیدگاہ کے چاروں جانب جاکر باریکی سے حالات دیکھے اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔ اس دوران قصاب پورہ ، باڑہ ہندوراؤ و اطراف کے لوگ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کی جانب سے ڈپٹی میئر کا خیر مقدم بھی کیا گیا۔
دورہ کے دوران عیدگاہ میں ہریالی ، ٹوٹے ہوئے پتھر ، ہائی ماسٹ لائٹ ، سیور ، پانی کے مسائل پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ ڈپٹی میئر بننے کے بعد یہ آل محمد اقبال کا پہلا دورہ تھا۔ مقامی لوگوںنے انھیں میمورنڈم بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ایس پی زون اور قرول باغ زون کے اعلی افسران بھی وہاں موجود تھے۔ ڈپٹی میئر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یہاں کے حالات کے مطابق اسٹمیٹ بنائیں اور یہاں تمام مسائل کو جلد سے جلد دو ر کریں ۔ انھوںنے کہاکہ عیدگاہ کے اطراف میں ہریالی ہونی چاہئے اور جو ضروریات ہیں ،وہ یہاں مہیا کی جانی چاہیے۔ اس دوران مصطفی قریشی ، شاہد انور ، محمد اسماعیل ، شاکر انصار ی ، ڈاکٹر نفیس ، محمد ذیشان وغیرہ نے ڈپٹی میئر کا خیر مقدم کیا۔