نئی دہلی، 29 مئی (یو این آئی) دہلی حکومت نے بدھ کو دہلی جل بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کو ہدایت دی کہ قومی راجدھانی میں پانی کی قلت کو روکنے کے لیے پانی کا غلط استعمال کرنے والے کسی بھی شخص پر 2000 روپے کا جرمانہ لگایا جائے اور پانی کے تمام غیر قانونی کنکشن کاٹ دیئے جائیں۔دہلی کی کابینہ وزیر آتشی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق پانی کی بربادی اور پانی کے غیر قانونی تمام کنکشنوں پر نکیل کسنے کے لئے دہلی جل بورڈ کی 200 ٹیمیں کل صبح 8 بجے سے راجدھانی میں تعینات کی جائیں گی۔
محترمہ آتشی نے ایک بیان میں کہا، ’’دہلی میں جھلسانے والے شدید گرمی کا سامنا ہے اور پانی کی سپلائی کم ہو گئی ہے کیونکہ ہریانہ دہلی کے حصے کا پانی نہیں چھوڑ رہا ہے۔ ایسے میں پانی کا تحفظ بہت ضروری ہو گیا ہے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ دہلی کے کئی حصوں میں پانی کا شدید ضیاع ہو رہا ہے۔ گھریلو استعمال کے لیے پانی کی فراہمی کے لیے تعمیراتی مقامات اور تجارتی اداروں کی جانب سے غیر قانونی کنکشن لیے گئے ہیں۔ ایسے غیر قانونی کنکشنز اور پانی برباد کرنے والوں کے خلاف نکیل کسنے کی سخت ضرورت ہے۔
محترمہ آتشی نے دہلی جل بورڈ کے سی ای او کو ہدایت دی کہ پائپ سے کروں کو دھونے، پانی کے ٹینکوں کے اوورفلو ہونے، تعمیراتی یا تجارتی مقاصد کے لیے گھریلو پانی کی فراہمی کے استعمال پر روک لگانے کے لئے فوری طور پر دہلی بھر میں 200 ٹیموں کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔