نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے دو دن میں استعفیٰ دینے کے اعلان کے بعد آج وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی سیاسی امور کی کمیٹی (پی اے سی) کی میٹنگ ہوئی۔پی اے سی میٹنگ کے بارے میں اطلاعات کا اشتراک کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کابینی وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ مسٹر اروند کیجریوال نے پی اے سی میٹنگ میں موجود ہر لیڈر کے ساتھ دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور ان کی رائے لی۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کو عام آدمی پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی، جس میں اروند کیجریوال پی اے سی میں ہونے والی بحث کو آگے بڑھائیں گے۔ اس کے علاوہ مسٹر کیجریوال منگل کی شام لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کریں گے اور انہیں اپنا استعفیٰ سونپیں گے۔
مسٹر بھاردواج نے کہا کہ مسٹر کیجریوال نے میٹنگ میں موجود پی ایس سی ممبران اور وزراء کے ساتھ دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کے مسئلہ پر ایک ایک کر کے بات چیت کی اور ان کی رائے طلب کی۔ عام آدمی پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کل ہوگی اور وزیر اعلیٰ ایم ایل اے کے ساتھ بات چیت کریں گے اور دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔