نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے پیر کو مردانہ ذہنیت میں تبدیلی اور زیادہ صنفی حساسیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے "گلاس سیلنگ” کو توڑنا چاہیے۔مسٹر دھنکھر نے یہاں ایک نجی ٹیلی ویژن نیوز چینل کے سالانہ پروگرام "شی شکتی 2024” میں "خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ’مکمل نقطہ نظر‘ پر بات کی۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں وسیع پیمانے پر پائے جانے والے لطیف صنفی امتیاز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین گورننس کے ہر شعبے میں حصہ لے رہی ہیں۔ وہ لگن، عزم اور ہنر کی ایک مثال قائم کر رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عام طور پر صنفی امتیاز ختم ہو چکا ہے، لیکن یہ ایک باریک شکل میں موجود ہے۔ یہ وہ شعبہ ہے جہاں ہمیں سب سے زیادہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ باریک امتیاز کھلے امتیاز سے زیادہ خطرناک ہے کیونکہ کھلے عام امتیاز کی مخالفت کی جا سکتی ہے لیکن باریک تفریق کی مخالفت کرنا مشکل ہے۔ مردانہ ذہنیت میں جامع تبدیلی کی ضرورت ہے۔خواتین پر تشدد کے واقعات پر طنزیہ تبصرے انتہائی شرمناک ہیں اور اسے نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہاکہ”ہمیں ان گمراہ خیالات کو سختی سے مسترد کرنا چاہیے جو کولکتہ کے ایک اسپتال میں ڈیوٹی کے دوران ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کی بربریت کو کم کرتے ہیں۔ یہ شرم کی بات ہے۔