چکھلی(نمائندہ) : بلڈھانہ ضلع کے معروف تعلیمی ادارے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، روہڑا میں منائے جارہے’ آزادی کا جشن امرت’ کی خوشی اس وقت دوبالا ہوگئی جب قصبے کی معزز شخصیت اور معلم صلاح الدین عرف سلیم سر نے اپنے ذاتی خرچ سے اسکول احاطے میں بچوں کے بیٹھنے کے لئے کانکریٹ کی بنچیں عطیہ کیں۔
تفصیلات کے مطابق علاقہ برار کے بلڈھانہ ضلع کی چکھلی پنچایت سمیتی کے تحت روہڑا قصبے میں قائم اردو میڈیم تعلیمی ادارہ ‘ضلع پریشد اردو مڈل اسکول’ صدر مدرس ریاض احمدعبدالرشید سر کی قیادت میں محنتی و مشفق اساتذہ کے ذریعے نونہالان قوم کی معیاری تعلیم اور عمدہ تربیت کے لئے کوشاں ہے۔ بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف قومی مواقع پر اسکول کی جانب سے مختلف ہم نصابی، غیر نصابی اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔
ان دنوں ملک بھر میں آزادی کا جشن امرت منایا جارہا ہے۔ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، روہڑا کی جانب سے بھی اس ضمن میں اسکول کی خوبصورت عمارت اور دیدہ زیب کیمپس میں کئی ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ آزادی کی ۷۷ ویں سالگرہ کے موقع پر اسکول انتظامی کمیٹی کے صدر عالم خان پٹھان کے ہاتھوں رسم پرچم کشائی انجام دی گئی۔ اس تقریب میں کمیٹی کے نائب صدر شیخ انیس، جمیع اراکین کمیٹی، صلاح الدین عرف سلیم سر، صدر مدرس ریاض احمد سر ، معاون معلمین ایوب قریشی سر، امجد سر اور قیصر باجی کے علاوہ قصبے کے عمائدین، تعلیم دوست شخصیات اور اولیائے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں اسکول کے تمام طلبا و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اس موقع پر معلم صلاح الدین عرف سلیم سر نے اسکول احاطے میں بچوں کے بیٹھنے کے لئے کانکریٹ کی بنچیں عطیہ کیں۔ صلاح الدین سر کے اس عطیہ پر صدر مدرس ریاض احمد سر اور ان کے اسٹاف، اسکول انتظامی کمیٹی نیز اولیائے طلبہ نے ان کی ستائش کی اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ تمام طلبہ نے نئی بنچیں پاکر بہت خوشی کا اظہار کیا۔