نئی دہلی:آج مؤرخ ۳؍اپریل مرکز تحقیقات فارسی خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران ، نئی دہلی کے نومنتخب ڈائرکٹر قہر مان سلیمانی نے شعبہ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ تشریف لاکر صدر شعبہ فارسی پروفیسر عبدالحلیم و دیگر اساتذہ سے ملاقات کی۔ آپ کے ہمراہ سابق ڈائرکٹر جناب ڈاکٹر احسان اللہ شکر اللہی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فارسی اور فارسی زبان کی مشکلات سے متعلق ڈاکٹر قہرمان سلیمانی نے تبادلہ خیال کیا اور شعبہ کو بھروسہ دلایا کہ اگر کسی طرح کی علمی وادبی تعاون کی ضرورت ہے مرکز تحقیقات فارسی ہمہ وقت حاضر ہے۔ آپ نے ہندوستان میں فارسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا ملک ہے جہاں کی رگ رگ میں فارسی بسی ہوئی ہے۔ آپ نے شعبہ میں آکر انتہائی خوشی کا اظہار کیااور کہا مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں اپنے ہی گھر میں موجود ہوں۔ ڈاکٹر احسان اللہ شکر اللہی نے اس موقع پر نئے ڈائرکٹر کا تعارف کراتے ہوئے شعبہ کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعا شعبہ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ ہندوستان کا ممتازترین شعبہ ہے۔ ڈاکٹر شکر اللہی نے فارسی میں اشعار پڑھ کر بھی سنائے ۔ اس موقع پر صدر شعبہ فارسی پروفیسر عبدالحلیم نے شعبہ کا مکمل تعارف کراتے ہوئے اپنے مہمانوں کا استقبال کیا اور آپ نے دیوان ضیاؔ کا ایک نسخہ ڈاکٹر قہرمان سلیمانی کی خدمت میں پیش کیا جس کی آپ نے کافی ستائش کی۔ ڈاکٹر سید کلیم اصغر ایسوسی ایٹ پروفیسر نے بھی اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انتہائی خوشی ہے کہ آج موجودہ ڈئرکٹر مرکز تحقیقات فارسی خانہ فرہنگ ایران، نئی دہلی اور سابق ڈائرکٹر ڈاکٹر احسان اللہ شکر اللہی ہمارے شعبہ فارسی میں تشریف لائے۔ آج کی اس استقبالیہ تقریب میں ڈاکٹر زہرہ خاتون،ڈاکٹر احمد حسن، ڈاکٹر یاسر عباس، ڈاکٹر تصور مہدی، ڈاکٹر نوید جعفری اور باقر مہدی وغیرہ بھی موجود رہے۔