رامپور ۔ ( ذیشان مراد علیگ ) ضلع کلکٹر سے ملاقات کے بعد رکن پارلیمان ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا ظلم و زیادتی اور استحصال قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس اعظم خاں اور سماجوادی کارکنان کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، پولیس استحصال کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس زیادتی کے سو طریقے ہوتے ہیں ۔ سماجوادی پارٹی کے لوگوں کا استحصال مناسب نہیں ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر سے گفتگو ہوئی ہے ۔ اعظم خاں کے تعلق سے پارٹی کے بہت دیر سے آگے آنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارٹی سپریمو بتائیں گے ، میں تو پہلے بھی دھرنا دینے رامپور آیا تھا ۔
صحافیوں نے جب باگیشور بابا کے تعلق سے سوال کیا تو ڈاکٹر برق نے کہا کہ ہندو راشٹر بنانے کا ان کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ ہمارا ملک ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ، موجودہ بی جے پی حکومت نفرت پھیلا کر دو فرقوں کو تقسیم کرنا چاہ رہی ہے ۔ جب تک نفرت دور نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کر پائے گا۔
رکن پارلیمان ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے کہا کہ ان کی پارٹی نے نئی پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح کا بائیکاٹ کیا ہے۔ افتتاح کے لئے صدر جمہوریہ کو مدعو کرنا چاہیے تھا لیکن حکومت کی منشاء وزیراعظم سے افتتاح کرانے کی ہے۔ دوسری بات افتتاح کی رسمیں ہندوتو کے اعتبار سے کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر وہاں مسلم عسائی سمیت سبھی مذاھب کے مذہبی رہنماوں کو بلانا چاہیے تھا۔ تنہا وزیر اعظم کی ہی حکومت نہیں ہے، سارا ملک پارلیمنٹ کا وارث ہے۔